ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / طیب ٹرسٹ کی جانب سے امسال 7 ہزارخاندانوں کے مابین رمضان فوڈپیک تقسیم

طیب ٹرسٹ کی جانب سے امسال 7 ہزارخاندانوں کے مابین رمضان فوڈپیک تقسیم

Mon, 20 Jun 2016 21:15:31    S.O. News Service

دیوبند، 20؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ملکی سطح پر مختلف سماجی وفلاحی کاموں میں سرگرم معروف ادارہ ’’طیب ٹرسٹ انڈیا‘‘ کی جانب سے ہر طر ح کی امسال بھی الحمدللہ رمضان المبارک کے پرمسرت موقع پر ملک بھر کے مختلف علاقوں میں سروے رپورٹ کی بنیاد پر سات ہزار مستحق خاندانوں کے مابین رمضان افطار فوڈپیک تقسیم کئے گئے۔ٹرسٹ کے چیرمین حافظ محمد عاصم قاسمی نے بتایاکہ اس سال یوپی کے دیوبند،نانوتہ،سہارنپور،میرٹھ،کاندھلہ اور مظفرنگر فساد متاثرین کیلئے آبادکالونی سنیٹھی اور پنجھیٹ کے علاوہ اتراکھنڈ میں کھٹیما،ستار گنج،ہلدوانی،کاشی پور،جس پور،مہاراشٹر میں لاتور،اورنگ آباد،گجرات میں سورت اور بروڈہ ،ہر یانہ میں جمنانگر،تامل ناڈو میں چنئی و سیلم اور بہار کے کشن گنج وسہرسہ ضلع میں طیب ٹرسٹ کی جانب سے فوڈپیک تقسیم کیاگیااور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔معیاری انداز کے کارٹون میں پیک ایک ماہ کامکمل اشیاء خورد ونوش پر مشتمل یہ راشن ایسے مستحق فیملی کودیئے گئے جو رمضان جیسے بابرکت مہینے میں بھی محتاجگی کی زندگی جینے پر مجبور ہیں اور جن کے پاس سحر وافطار کا کوئی بندوبست نہیں ہے ،ان تمام علاقوں میں وہاں کے سرگرم شخصیات اورمقامی کارکنان کے توسط سے پہلے سروے کیاگیاتاکہ حقیقی مستحقین تک ہم پہنچ سکیں ۔عاصم قاسمی نے کہاکہ ملک کے مختلف علاقوں میں رمضان فوڈپیک تقسیم کااصل مقصد ایسے بے سہاراخاندانوں تک پہنچناہے تاکہ ان کی ضروریات کا صحیح اندازہ ہونے کے بعد ان کی ہرممکن مدد کی جاسکے ۔ملک بھر کے اہل خیر حضرات سے درخواست ہے کہ وہ سب سے پہلے اپنے علاقہ کے ضرورت مندوں کاخیال رکھیں او رایسے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں جو واقعتامحتاج اور بے سہاراہیں،جب تک غربت کے خاتمہ کیلئے مقامی سطح پر ہمارے لوگ فکر مند نہیں ہوں گے اس وقت تک حالات میں تبدیلی نہیں آسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ غریبی سے نکلنے کیلئے ہمیں مستقل طورپر تحریک چلانے اور عملی میدان میں ایسے لوگوں کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے ،آج ملک کی ایک بڑی آباد ایسی زندگی بتانے پر مجبور ہیں جن کو دیکھ کر یقین نہیں ہوتاکہ ہندوستان کی ایک تصویر ایسی بھی ہے جویقیناافسوسناک اور آپ سب کی توجہ اور نظر عنایت کے محتاج ہیں ۔ہمیں مشتر کہ طورپر ایسے ضرورت مند اور بے سہارالوگوں کو سہارادینے کی ضرورت ہے ۔عاصم قاسمی نے کہاکہ طیب ٹرسٹ کی جانب سے امسال کئی مساجد اور قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کیلئے مستقل طور پر افطاروسحراور دعوتوں کاانتظام کیاگیاہے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں غریبوں کے مابین کھجور کاتحفہ بھی پیش کیاگیا ہے جو میرے لئے سعادت کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان فوڈپیک تقسیم میں جن احباب اور متعلقین نے طیب ٹرسٹ کا تعاون کیاہم ان سب کے شکرگزارہیں ۔طیب ٹرسٹ کی جانب سے امسال رمضان فوڈپیک تقسیم کاری تقریب کو کامیاب بنانے میں جن کارکنان نے اہم کردار اداکیاان میں مولانا انس خورشید، ندیم اختر، خالدانصاری، سلیم اختر، ڈاکٹر نوید اختراور ٹرسٹ کے ترجمان شاہنوازبدر قاسمی کانام قابل ذکرہیں ۔


Share: